بھٹکل 8 فروری (اس او نیوز) اسلامی کوئیز مقابلے یا جنرل معلوماتی کوئیز مقابلے منعقد ہوتے رہتے ہیں لیکن مدینہ کالونی، محی الدین اسٹریٹ کی ینگ اسٹار ویلفئیر آرگنائزیشن نے اتوار کو ایک انوکھا اسلامی معلومات پر مبنی کوئیز مقابلہ کا انعقاد کیا جس میں بھٹکل کے اسپورٹس سینٹروں کو دعوت دی گئی کہ وہ پانچ لوگوں پر مشتمل ایک ٹیم کو اس کوئیز مقابلہ میں شریک کراسکتے ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ پانچ میں سے کم از کم تین کھلاڑی ہوں اور ٹیم میں کوئی مدرسہ کا طالب علم یا مدرسہ سے فارغ نہ ہوں۔
کوئیز مقابلہ میں بھٹکل کے 18اسپورٹس سینٹروں نے اپنی اپنی ٹیم روانہ کیں تھیں، جس میں ڈونگر پلی کی مون اسٹارٹیم نے بہترین مظاہرہ پیش کرتے ہوئے فائنل میں وائی ایم ایس اے کو شکست دے کر اول مقام حاصل کیا۔ اول مقام پانے پر ینگ اسٹار کی طرف سے مون اسٹار کو دس ہزار روپیہ نقد انعام سمیت خوبصورت میمنٹو سے نوازا گیا، اسی طرح بہترین مظاہرہ پیش کرکے فائنل تک رسائی پانے والی وائی ایم ایس اے نے دوسرا مقام حاصل کرتے ہوئے 7500 روپیہ نقد سمیت خوبصورت میمنٹو حاصل کیا۔
فائنل تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیزالرحمن رکن الدین ندوی نے ینگ اسٹار کے اس مقابلے کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم کے میدان میں بھی بہترین پرفارمینس پیش کرنے کی ضرورت ہے اور دیگر اسپورٹس سینٹروں کو بھی اس طرز کے کوئیز مقابلے منعقد کرکے ہمارے نوجوانوں کی بالخصوص دینی معلومات میں اضافہ کرنے کی طرف توجہ دینی چاہئے۔

صدارتی خطاب کرتے ہوئے ینگ اسٹار کے صدر مولوی احمد کبیرندوی نے بتایا کہ ہمارا مقصد ہمارے کھلاڑیوں کی دینی معلومات میں اضافہ کرنا تھاکہ ہمارے نوجوان اور کھلاڑی جس طرح عصری معلومات سے لیس رہتے ہیں وہ دینی اور اسلامی معلومات کے معاملے میں بھی پیچھے نہ رہیں۔ مولوی احمد کبیر نے کہا کہ مقابلہ سے پہلے ینگ اسٹار کی طرف سے تمام اسپورٹس سینٹروں کو سوالی مع جوابی پرچے دئے گئے تھے اور اُن سے کہا گیا تھا کہ ان ہی میں سے سوالات پوچھے جائیں گے، لہذا ہمیں اس بات کی بے حد خوشی ہوئی کہ مقابلہ میں شریک کھلاڑی بھرپور تیاریوں کے ساتھ شریک ہوئے ۔ انہوں نے رویل ٹیم کی اس بات پر تعریف کی کہ کوئیز مقابلے کے دوران ایک سوال کو لے کر کچھ دیر کے لئے مسئلہ پیدا ہوا تھا اور آرگنائزر فائنل مقابلہ کو لے کر کچھ دیر کے لئے پس وپیش میں مبتلا ہوگئے تھے، لیکن رویل کے کھلاڑیوں اور ذمہ داروں نے آرگنائزر کا بھرپور ساتھ دیا اور معاملہ خوش اسلوبی سے حل کیا گیا۔
بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی اور فیڈریشن کے اسپورٹس سکریٹری طلحہ تروچنا پلّی کے ہاتھوں اول اور دوم آنے والی ٹیموں کو انعامات سے نوازا گیا۔اس موقع پرینگ اسٹار کی طرف سے اظہر گنگاولی اور دیگر نوجوان بھی پیش پیش تھے۔
یاد رہے کہ ینگ اسٹار کی طرف سے بھٹکل تعلقہ اسٹڈیم (وائی ایم ایس اے میدان) میں 10 جنوری سے کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے جس کے چلتے گذشتہ روز بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا گیا تھا تو اسی طرح ٹورنامنٹ کے دوران اسی اسٹدیم میں اتوار شام کو کوئیز مقابلہ کا بھی انعقاد کیا گیا۔
کوئیز مقابلے کو ساحل آن لائن پر لائیو ٹیلی کاسٹ کیا گیا تھا۔